کوئٹہ : ڈیگاری دوہرے قتل کیس میں گرفتار مقتولہ کی والدہ گل جان اپنی ویڈیو بیان پر قائم ہیں، جس پر عدالت نےگل جان کو جوڈیشل کرکے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ڈیگاری دوہرے قتل کیس کی سماعت ہوئیم، عدالت ون میں سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ نے مقتولہ بی بی بانو کی والدہ گل جان کو پیش کیا۔
عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ گل جان اپنے ویڈیو بیان پر قائم ہیں، جس بنا پر مزید ریمانڈ درکار نہیں۔
جس پر عدالت نے گرفتار خاتون کو جوڈیشل کرتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔
مزید پڑھیں : بلوچستان میں قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ گرفتار
مقتولہ بی بی بانو کی والدہ نے ویڈیو بیان میں دوہرے قتل کو قبائلی روایات کے مطابق درست قرار دیتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل کے فیصلے سے ساتکزئی قبیلے کے سربراہ سردار شیر باز ساتکزئی کو لاتعلق بتایا تھا۔
گذشتہ روز بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ کو گرفتار کیا تھا ، پولیس کا کہنا تھا کہ بدھ کو ڈیگاری میں دوہرے قتل میں مارے جانے والی بانو بی بی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام وائرل کیا، جس میں وہ قرآن پاک ہاتھ میں اٹھائے ہوئے بول رہی تھی کہ یہ قتل بلوچی روایات کے مطابق ہوا اور یہ قتل جائز ہے۔