بھارت، دہلی میں اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی

بھارت، دہلی میں اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی

بھارت کے دہلی میں ایک بار پھر اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد پولیس نے اسکولوں کو خالی کراکر سرچنگ شروع کردی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں ایک بار پھر کئی بڑے اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ جس میں دہلی پبلک اسکول، شری رام ورلڈ اسکول اور ماڈرن اسکول شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دھمکی ملتے ہی پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچ کر تحقیقات میں مصروف ہوگئی، اس دوران احتیاطاً اسکولوں کو خالی کرا کر طلبا کو واپس بھیج دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) دوارکہ، ماڈرن کانونٹ اسکول اور سیکٹر 10 دوارکہ واقع شری رام ورلڈ اسکول کو ایک ای میل آئی ڈی کے ذریعہ دھمکی دی گئی۔

پولیس کنٹرول کے پاس بم کی یہ اطلاع صبح 7 بج کر 24 منٹ پر آئی تھی۔ اس کے بعد دوارکہ سیکٹر-12 واقع اسکول میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق طلبا کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ والدین کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی ایئر لائن کی پرواز کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول

پولیس کے مطابق یہ دھمکی کا ای میل شرارتی عناصر کا بھی ہو سکتا ہے۔ لوکیشن اور نمبر کو ٹریس کررہے ہیں، سائبر سیل اور تکنیکی ٹیم بھی اس معاملے میں لگی ہوئی ہے۔

حالانکہ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی جاچکی ہیں، جو بعد میں افواہ ثابت ہوئی ہیں۔ ابھی تک کہیں سے بھی کسی مشتبہ چیز کے ملنے کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔