ایم کیوایم پاکستان نے معاشی و اقتصادی حب کراچی اور سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کو ٹیکس فری زون قرار دینے کا مطالبہ کر دیا۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان نے قرار داد قومی اسمبلی میں جمع کرا دی ہے جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کو فی الفور ٹیکس فری زون قرار دیا جائے۔
قرار داد اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کو آفت زدہ قرار دے کر تمام یوٹیلیٹی بلز معاف کیے جائیں۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سے ہر قسم کی ٹیکس وصولی بند کی جائے، کراچی اور حیدرآباد کرونا وباء سے زیادہ متاثر ہیں ، کاروبار اور تعلیمی ادارے بند ہیں معاشی حالات خراب ہونے کے باعث دونوں شہر معاشی طور پر غیر مستحکم ہورہے ہیں۔