ارکان پارلیمنٹ کا سفری الاؤنس بڑھانے کا مطالبہ کام کر گیا، بل کا مسودہ تیار

یومِ استحصال کشمیر پر قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے بعد اب پارلیمنٹیرینز کو مراعات، ارکان پارلیمنٹ کا سفری الاؤنس بڑھانے کا مطالبہ کام کر گیا۔

ارکان پارلیمنٹ کے سفری اخراجات بڑھانے کے بل کا مسودہ تیار کر لیا گیا۔ مجوزہ بل میں ارکان کو 10 روپے کے بجائے 30 روپے فی کلو میٹر ادا کرنے کی تجویز ہے۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق ارکان کو 1980 سے 10 روپے فی کلو میٹر ادا کیے جا رہے ہیں لیکن اب حکومت کو سینیٹرز سفری الاؤنسز کی مد میں سالانہ تقریباً 10 کروڑ ادا کرنے پڑیں گے۔

ابتدائی طور پر چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور سینیٹرز کے سفری الاؤنسز بڑھانے کی تجویز ہے۔ ارکان سینیٹ کو سرکاری گاڑی کی سہولت نہ لینے پر ڈھائی لاکھ روپے ادا کرنے کی بھی تجویز ہے۔

ارکان پارلیمنٹ کے سفری الاؤنس بڑھانے کا مجوزہ بل رواں ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

بجٹ میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کیلیے کتنی رقم مختص کی گئی؟

وفاقی حکومت نے بجٹ 2024-23 میں قومی اسمبلی کیلیے 8 ارب 30 کروڑ جبکہ سینیٹ کیلیے 5 ارب 5 کروڑ روپے مختص کر دیے۔ یہ رقم ملازمین کی تنخواہوں اور اخراجات پر خرچ کی جائے گی۔

بجٹ دستاویز کے مطابق قومی اسمبلی کے ملازمین کے تمام اخراجات کیلیے 5 ارب 57 کروڑ سے زائد مختص کرنے کا تخمینہ ہے، ملازمین کی تنخواہوں کیلیے 1 ارب 52 کروڑ روپے مختص کیے گئے، ملازمین کو الاؤنسز کی میں 4 ارب 5 کروڑ کی گرانٹ ملے گی۔

انتظامی امور پر آئندہ مالی سال 2 ارب 6 کروڑ کے اخراجات آئیں گے، ریٹائر ہونے والے ملازمین کیلیے 5 کروڑ 16 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا۔

بجٹ میں قومی اسمبلی کیلیے گرانٹس اور سبسڈیز کی مد میں 37 کروڑ 83 لاکھ مختص کیے، اسمبلی کے مرمتی کاموں کیلیے 14 کروڑ 73 لاکھ روپے کا تخمینہ ہے، رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال قومی اسمبلی کیلیے 2 ارب 14 کروڑ اضافی بجٹ رکھ گیا۔

بجٹ میں سینیٹ کیلیے تنخواہوں اور اخراجات کی مد میں 5 ارب 5 کروڑ مختص کیے گئے۔ دستاویز کے مطابق ملازمین کے تمام اخراجات کیلیے 3 ارب 15 کروڑ سے زائد مختص کرنے کا تخمینہ ہے، ملازمین کی تنخواہوں کیلیے 99 کروڑ 55 لاکھ روپے مختص کیے گئے، ملازمین کو الاؤنسز کی میں 2 ارب 16 کروڑ کی گرانٹ ملے گی۔

سینیٹ کے انتظامی امور پر آئندہ مالی سال 1 ارب 43 کروڑ کے اخراجات آئیں گے، ریٹائر ہونے والے ملازمین کیلیے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا، بجٹ میں سینیٹ کیلیے گرانٹس اور سبسڈیز کی مد میں 20 کروڑ 8 لاکھ مختص کیے۔

سینیٹ کے مرمتی کاموں کیلیے 5 کروڑ 22 لاکھ روپے کا تخمینہ ہے، رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال سینٹ کیلیے 1 ارب 31 کروڑ اضافی بجٹ رکھا گیا۔