نئی دہلی : بھارت کی وزارت برائے پیٹرولیم کی مشاورتی کمیٹی نے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال پر زور دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سال2027 تک ڈیزل گاڑیاں بند کردی جائیں۔
مشاورتی کمیٹی کی رپورٹ میں 2024 سے ڈیزل والی گاڑیوں کے رجسٹریشن پر پابندی لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت پٹرولیم کی مشاورتی کمیٹی نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ ہندوستان کو سال 2027 تک 10 لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں میں ڈیزل سے چلنے والی چار پہیے والی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی لگا دینی چاہئے اور بجلی اور گیس سے چلنے والی گاڑیوں کو فروغ دینا چاہئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب تک تمام گاڑیاں الیکٹرک نہیں ہوجاتی ہیں، اس وقت تک سی این جی گاڑیوں کے استعمال پر زور دیا جانا چاہئے۔ اس اقدام سے2070تک بھارت اپنے کاربن کے اخراج کو صفر تک لانے کے قابل ہو جائے گا۔
کمیٹی کا خیال ہے کہ2024 سے سامان کی سپلائی کیلئے الیکٹرک ٹرکوں کی رجسٹریشن کی اجازت دی جانی چاہیے، رپورٹ میں سامان کی نقل و حمل کیلئے ریلوے اور گیس سے چلنے والے ٹرکوں کے زیادہ استعمال کی تجویز دی گئی ہے۔
سابق پیٹرولیم سیکریٹری ترون کپور کی سربراہی والی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ 2030 تک ایسی سٹی بسوں کا استعمال ختم ہوجانا چاہئے جو الیکٹرک نہیں ہیں اور 2024ء سے سٹی ٹرانسپورٹ کیلئے ڈیزل بسیں شامل نہ کی جائیں۔
کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ ایسی موٹر سائیکلیں، اسکوٹر اور تھری وہیلر کو بھی ہٹایا جائے جو زیادہ آلودگی پھیلاتے ہیں۔