کراچی : ہوا کا شدید دباؤ آئندہ 24 گھنٹے میں پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے ، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے ستائیس اگست سے اکتیس اگست کےدوران جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں، ملک بھرمیں بارشوں کاسلسلہ رواں ہفتے بھی جاری رہے گا،
ہوا کا شدید دباؤ اس وقت بھارتی گجرات کے شمال میں موجود ہے، ہوا کا شدید دباؤ آئندہ چوبیس گھنٹے میں پاکستان میں داخل ہونےکاامکان ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ موسمی صورتحال کے زیراثر طاقتورمون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی جبکہ انتیس اگست سےایک مغربی لہر ملک کےبالائی علاقوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اکتیس اگست تک کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، شہیدبینظیرآبادمیں تیزہواؤں،جھکڑ چلنے،گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان ہے۔
خضدار، قلات، لسبیلہ ، آواران، نصیر آباد،سبی ،جعفرآباد، ژوپ، کوئٹہ، زیارت میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔