’چیئرمین سینیٹ کا مراعات بل عجیب سا ہے جس کی حمایت نہیں کر سکتے‘

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کا مراعات والا بل عجیب سا ہے جس کی حمایت نہیں کر سکتے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ مراعات بل کی کھل کر مخالفت کر دی ہے اور کہا ہے کہ سینیٹ مراعات بل کو پیپلز پارٹی نے مسترد کر دیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا مراعات والا بل عجیب سا ہے جس کی حمایت نہیں کر سکتے۔ اس بل کا پاس ہونا میرے لیے حیران کن ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں نے سینیٹ میں کبھی اس قسم کے بل کو یوں پاس ہوتے نہیں دیکھا، بل کو خاموشی سے پیش کیا گیا اور پاس بھی کرا لیا گیا ہے، کچھ لوگوں نے بل پر دستخط کیے لیکن ان کومعلوم بھی نہیں تھا کہ بل میں کیا ہے؟ یہ بل چند لوگوں کی خواہش تھی جو پیش اور منظور کر لیا گیا۔ یقین ہی نہیں آ رہا کہ ایسی معاشی حالت میں ایسا بل منظور کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ملک کو جان بوجھ کر ڈیفالٹ کی طرف دھکیلا گیا، اس نے ایسے مسائل چھوڑے جو نئی حکومت حل نہیں کر سکتی تھی۔ موجودہ حالات میں آئی ایم ایف کا پروگرام پاکستان کیلیے انتہائی ضروری ہے ان سے معاہدہ ہر صورت میں کرنا چاہیے۔

سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ یہ نہیں کہتے کہ بجٹ میں عوام کیلیے بہت ریلیف ہے کیونکہ حکومت کے پاس گنجائش ہی نہیں تھی کہ بجٹ میں کوئی بڑا ریلیف رکھتی۔ بجٹ کی منظوری میں ساتھ دینے یا نہ دینے سے متعلق ابھی نہیں معلوم، یہ فیصلہ پارٹی پالیسی کے مطابق ہوگا لیکن بلاول بھٹو کے تحفظات سیلاب متاثرین کیلئے رقم نہ رکھنے پر تھے اور انہوں نے اپنے تحفظات سے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا تھا اور ان کا بیان بھی آیا کہ وہ بجٹ پر تقریر نہیں کریں گے۔