ڈی سی ساؤتھ کے گھر میں آتشزدگی، زخمی حالت میں اسپتال منتقل

کراچی: ڈپٹی کمشنر ساؤتھ عبدالستار عیسانی کے گھر میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا ہے، جس کے نتیجے میں وہ جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ڈی سی ساؤتھ عبدالستار عیسانی کے گھر میں رات گئے آگ لگ گئی، آتشزدگی کے نتیجے میں ڈی سی ساؤتھ اور ان کے گھر آئے دوست جھلس کر زخمی ہوگئے، جن کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ بھی سندھ کے اعلیٰ ترین افسر ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری ڈی سی ساؤتھ کی رہائش گاہ پہنچی اور انہوں نے جھلس کر زخمی ہونے والے دونوں افسران کو کلفٹن کے نجی اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افسران کا جسم پچاس فیصد جھلسا ہے، دونوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کیسے پیش آیا، فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا۔