ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس: سپریم کورٹ بار کا اعلیٰ عدلیہ کو خراج تحسین

اسلام آباد: سپریم کورٹ بار نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ کیس میں تاریخی فیصلہ دینے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری سپریم کورٹ بار ریاست علی گوندل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے ہمارے ججز بلاتفریق تمام افراد کو تحفظ فراہم کرتے ہیں، ججز نہ صرف نجی افراد کی غلطیوں بلکہ عوامی نمائندوں کے من مانے اقدامات سے بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرات مندانہ، قانونی طور پر درست فیصلے قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ کئی دہائیوں تک روشن مثال کے طور پر کام کریگا، یہ فیصلہ ماتحت عدلیہ کو بھی بلاخوف فیصلے کرنے کی ترغیب دیگا، امریکی، برطانوی عدالتوں نے بھی ریاستی اداروں کے سربراہوں کیخلاف فیصلے دیئے۔

انہوں نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیخلاف 3 رکنی بینچ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے ظاہر کیا کہ ریاست کا کوئی فرد یا ادارہ عدالتوں کے کام میں مداخلت نہیں کر سکتا۔

ریاست گوندل نے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ پاکستان کی تاریخ میں یاد رکھاجائیگا، وکلا برادری پاکستان، دستور پاکستان اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

اعلامیہ میں سابق برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کا قول بھی تحریر کیا گیا عدالتوں کی آزادی ہم سب کے لیے آزادی کی ضمانت اور قانون کی مساوی حکمرانی ہے۔