کوئٹہ: ڈیرہ مراد جمالی میں مزدور چوک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں مزدور چوک پر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔
پولیس کے مطابق بم کلینک کے باہر موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے.
ریسکیو اہلکاروں نے دھماکے میں جاں بحق شخص اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: ڈیرہ مراد جمالی: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، بوگیاں پٹری سے اترگئیں
واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں ڈیرہ مراد جمالی کے ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی جبکہ بولان میل کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔
یاد رہے کہ دو سال قبل کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں نامعلوم مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایس پی محمد الیاس، اہلیہ اور بھائی سمیت شہید جبکہ پوتی زخمی ہوگئی تھی۔