تجارت کی معطلی کے باوجود بھارت سے پاکستانی درآمدات ایک بار پھر بڑھ گئیں

بھارت درآمدات

اسلام آباد : تجارت کی معطلی کے باوجود رواں مالی سال دوسری بار بھارت سے درآمدات میں اضافہ ہوا، مئی میں بھارت10بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق تجارت کی معطلی کے باوجود بھارت سے پاکستانی درآمدات ایک بار پھر بڑھ گئیں، ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال دوسری بار بھارت سے درآمدات میں اضافہ ہوا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ درآمدات میں اضافے کے لحاظ سے مئی میں بھارت10بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ، گزشتہ ماہ بھارت سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں 12 فیصد اضافہ ہوا۔

ذرائع نے کہا کہ مئی میں بھارت سے امپورٹس کا حجم 2 کروڑ 30 لاکھ 10 ہزار ڈالرز رہا جبکہ مئی2022 میں بھارت سے درآمدات 2 کروڑ 5 لاکھ 40 ہزار ڈالرز تھیں۔

اس سال فروری میں بھی بھارت سے درآمدات میں اضافہ ہوا تھا اور درآمدات میں اضافے کے لحاظ سے فروری میں بھی بھارت 10 بڑے ممالک کی فہرست میں شامل تھا۔

حکام نے بتایا کہ پاکستان نے اگست2019 میں ہی بھارت کے ساتھ تجارت معطل کردی تھی۔