توشہ خانہ کیس سے متعلق درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس سے متعلق درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے یا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس سے متعلق درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے یا گیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے 8 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے تحفظات پر فیصلہ کیے بغیر درخواست مسترد کر دی، ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں مرکزی قانونی مسائل حل ہوئے بغیر ہی رہ گئے، مناسب ہوگا ٹرائل کورٹ درخواست پر دوبارہ دلائل سن کرفیصلہ کرے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ٹرائل کورٹ اپنے فیصلے میں تمام وجوہات تفصیلی طور پر لکھے، فریقین کے دلائل سے ظاہر ہے ٹرائل کورٹ نے تفصیلات میں جائے بغیر فیصلہ دیا، کیس کے حقائق سمیت 8 مختلف سوالات کے جواب جاننا ضروری ہیں، ٹرائل کورٹ نے درخواست مسترد کی، اہم قانونی سوالات اور ایشوز حل طلب رہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے معاملہ دوبارہ ٹرائل کورٹ کو فیصلہ کرنے کے لیے بھجوا دیا ہے۔

ٹرائل کورٹ کو چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کے تفصیلی دلائل سن کر دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ 7 دن میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پرفیصلہ کرے۔