اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 119 افراد جاں بحق ہوئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے ان اموات سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق 109 اموات اسپتالوں میں ہوئیں، یہ مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج تھے، جب کہ 10 اموات گھروں پر ہوئیں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے 119 افراد میں 76 فی صد مرد شامل ہیں، جب کہ جاں بحق افراد کی عمریں 1 سے 93 سال کے درمیان ہیں، ان میں 74 فی صد افراد دیگر امراض میں بھی مبتلا تھے۔
24 گھنٹے میں پنجاب میں سب سے زیادہ 60 اموات رپورٹ ہوئیں، گزشتہ ایک روز میں سندھ میں کل 35 افراد جان کی بازی ہارے، خیبر پخون خوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 اموات رپورٹ ہیں، اسلام آباد میں بھی 3 افراد جاں بحق ہوئے، آزاد کشمیر میں 2 اموات، مظفر آباد، سادھ نوتی میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔
پاکستان میں کرونا سے اموات 3 ہزار 501 ہو گئیں، 1 لاکھ 76 ہزار متاثر
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا کیسز کا گراف تیزی سے بلند ہوتا جا رہا ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 13 واں ملک بن گیا ہے، اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ جاری ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 4,951 نئے کیسز سامنے آئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 176,617 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 3,501 ہو گئی ہے۔