پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی، عدالت کا ہوم سیکرٹری سمیت فریقین سے جواب طلب

’بانی پی ٹی آئی تک اہلِخانہ، وکلا اور جماعت کے ذمہ داران کی رسائی بحال کی جائے‘

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر ہوم سیکرٹری سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی جس میں نظر بندی احکامات میں وجوہات کا ذکر نہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر سے وضاحت طلب کی گئی۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے عارف حسین سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ نظر بندی کی وجوہات کیا ہیں؟ آپ نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کا بھی ذکر کیا ہے، بتائیں کہ کون سے فیصلے ہیں اور ان کا اطلاق کیسے ہوتا ہے؟

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا کہ نقص امن کے تحت نظر بند کیا سی پی او نے نظر بندی کی سفارش کی تھی۔

عدالت نے ایس ایچ او کی رپورٹ طلب کی تو ڈی سی پیش نہ کر سکے جس کے بعد درخواستوں پر مزید سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔