لاہور : پنجاب میں جاری مون سون بارشوں کے تباہ کن اسپیل میں 36 گھنٹے میں 63 اموات رپورٹ ہوئیں، جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
جس میں بتایا گیا کہ رواں سال مون سون بارشوں سے 103 شہری جاں بحق اور 393 زخمی ہوئے جبکہ بارشوں کے باعث 128 مکانات متاثر اور 6 مویشی ہلاک ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 36 گھنٹے میں مون سون بارشوں کے باعث 63 شہری جاں بحق اور290 زخمی ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ لاہور میں 15، فیصل آباد 9، ساہیوال 5، پاکپتن 3 اور اوکاڑہ میں 9 اموات رپورٹ ہوئیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کےمطابق زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت جاں بحق افراد کی فیملیز کوبھی امداد فراہم کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں آج بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، مون سون کے باعث پنجاب کے دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
ڈی جی کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ، پاک فوج سمیت تمام انتظامیہ ریسکیو آپریشن میں شامل ہے، شہریوں کے باحفاظت انخلاتک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں، چکوال میں ریکارڈ بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، چکوال میں تقریباً 400 ملی میٹر سے زائد بارش ہو چکی ہے۔