کوئی بھی ہمارے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی جرأت نہیں کر سکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر

کوئی ہمارے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی جرأت نہیں کر سکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ہمارے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی جرأت نہیں کر سکتا۔

الجزیرہ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار اور ڈکلیئرڈ ایٹمی طاقت ہے، ہماری جوہری صلاحیت ناقابل تسخیر ہے، یہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور موجودہ علاقائی توازن پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کو بھارت نے بطور پالیسی پاکستان کے خلاف اپنایا ہوا ہے، مذموم بھارتی عزائم پاکستان کی سلامتی بالخصوص بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی منظم سازش ہے، خوارج کی اصطلاح ان گروہوں کیلیے استعمال کی جا رہی ہے جو ریاست اور فوج پر حملے کرتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اسلام میں جہاد یا قتال کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے، یہ کسی فرد، تنظیم یا گروہ کے پاس نہیں ہے، فتنہ الخوارج کا اسلام، انسانیت، پاکستان یا پاکستانی روایات سے کوئی تعلق نہیں، فتنہ الہندوستان کی اصطلاح ان دہشتگردوں کیلیے استعمال ہوتی ہے جنہیں بھارت کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاسی قیادت متعدد مواقع پر پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کا اعتراف کر چکی ہے، بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ اجیت دوول (را کا سابق سربراہ) ہے، امریکا اور کینیڈا سمیت کئی ممالک بھارتی ریاستی دہشتگردی کا اعتراف کر چکے ہیں،

انٹرویو میں انہوں نے اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والے ایران کیلیے پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔