کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچز کی سیکورٹی کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کر کے پی ایس ایل میچز کی تیاریوں کا جائزہ لیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میچز کی سیکورٹی کے سلسلے میں پولیس، رینجرز اور تمام اداروں نے ہر معاملے کا خیال رکھا ہے۔
ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ہماری پلاننگ کافی مربوط ہے، سیکورٹی پلان اچھا بنایا گیا ہے، رینجرز، پولیس اور تمام ادارے مل کر کام کریں گے، سڑکیں بندش کے حوالے سے ماضی والا پلان ہے، پارکنگ ایریاز بڑھائے گئے ہیں۔
پی ایس ایل پاکستان آگیا، اب فٹبال کی واپسی کے لیے کوشاں ہیں، سلمان اقبال
میجر جنرل عمر احمد نے کہا کہ دعائیں رنگ لائی ہیں، سب پی ایس ایل میچز کو انجوائے کریں گے، خوشی کی بات ہے کہ کرکٹ سے کراچی کی روشنیاں بحال ہوں گی، پی ایس ایل فارمیٹ بہت مقبول ہے، زیادہ لوگ آنے کے امکانات ہیں۔
یاد رہے کہ دو دن قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی کنگز کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد پہلے بیرونِ ملک ہوتا تھا جس پر ہمیں دکھ تھا، اب پی ایس ایل پوری طرح سے پاکستان میں آ گیا ہے، جس سے قوم میں بڑا جذبہ پایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا تھا کہ پی ایس ایل بڑا ایونٹ ہے، جو پرفارم کرے گا وہ ہیرو بن جائے گا، ایونٹ جو بھی جیتے گا جیت پاکستان کی ہوگی۔