ڈی جی رینجرز سندھ کا نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ، سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار

کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نیشنل اسٹیڈیم پہنچے اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا، ڈی جی رینجرز نے پی سی بی عملے سے ملاقات کی اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈی جی رینجرز نے تعینات سیکیورٹی افسران و جوانوں سے بھی ملاقات کی، میجر جنرل عمر احمد بخاری نے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی ریہرسل کا بھی معائنہ کیا۔

ڈی جی رینجرز نے کہا کہ 2 سال میں پی ایس فائنل سمیت 2 میچز کا انعقاد ہوا، سری لنکن ٹیم کا دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امن بحال ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: روشنیوں‌ کے شہر کراچی میں‌ سری لنکن ٹیم کا پرتپاک استقبال

انہوں نے کہا کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ سمیت دیگر سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں، تمام میچز میں رینجرز، پولیس ٹیمیں سیکیورٹی پر مامور رہیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچی تھی، ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان لہیرو تھرمانے نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاک سری لنکا ون ڈے میچز 27 ستمبر 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، اس کے بعد تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز لاہور میں ہوگی۔