کراچی (29 جولائی 2025): کے-الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی سب اور گرڈ اسٹیشن پر مین ٹیننس کے کام کا آغاز کر دیا گیا۔
ترجمان کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بتایا کہ دھابیجی گرڈ اسٹیشن پر مین ٹیننس کے کام کا آغاز کر دیا گیا، کے-الیکٹرک کی جانب سے شٹ ڈاؤن کا دورانیہ مجموعی طور پر 9 گھنٹے ہوگا، پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مین ٹیننس کے کام کے باعث پانی کی فراہمی میں 85 ملین گیلن کی کمی متوقع ہے، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، بن قاسم، ڈی ایچ اے اور نارتھ ناظم آباد کو پانی کی فراہمی میں کمی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پانی کی فراہمی معطل، کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟
گزشتہ روز ترجمان واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بتایا کہ کے-الیکٹرک کا حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن صبح 7 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا جس کے باعث حب رائزنگ مین نمبر دو متاثر ہوگئی۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ حب پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہے، کرش پلانٹ ون اور ٹو ہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی فراہمی معطل ہے، بریک ڈاؤن کے باعث ضلع غربی اور کیماڑی سمیت ضلع وسطی کے کچھ علاقے متاثر ہوں گے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ اطلاع ملنے پر واٹر کارپوریشن حکام موقع پر پہنچ گئے، سی ای او واٹر کارپوریشن نے متاثرہ لائن کی فوری مرمت کے احکامات جاری کر دیے، کارپوریشن حکام نے فوری مرمتی کام کا آغاز کر دیا جو رات تک مکمل کر لیا جائے گا۔