ممبئی: بھارت کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر نے بیٹی ایشا دیول کے شوہر بھرت تختانی سے طلاق لینے کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشا دیول کی والدہ ہیما مالنی نے بیٹی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا تھا جبکہ دھرمیندر نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے دوبارہ سوچ و بچار کی ہدایت کر دی۔
ذرائع نے بتایا کہ دھرمیندر کا ماننا ہے کہ کوئی والدین اپنے بچوں کو ٹوٹتا دیکھ کر خوش نہیں رہ سکتے، دھرمیندر خود والد ہیں اور وہ درد کو اچھی طرح سمجھتے ہیں لہٰذا وہ چاہتے ہیں بیٹی فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
’دھرمیندر بہت دکھی ہیں اور نہیں چاہتے کہ ایشا دیول اور بھرت تختانی ایک دوسرے سے الگ ہوں۔ ان کے بچے دادا دادی کے بہت قریب ہیں۔ داماد سے علیحدگی بچوں کو شدید متاثر کرے گی۔‘
چند روز قبل ایشا دیول اور بھرت تختانی مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ ان کی شادی ختم ہو چکی ہے۔ جوڑے نے کہا تھا کہ ہم نے باہمی طور پر خوش اسلوبی کے ساتھ الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایشا دیول اور بھرت تختانی کی 2012 میں شادی ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔