بھارتی کرکٹرز کا شمار دنیا کے امیر ترین کرکٹرز میں کیا جاتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں سابق کپتانوں ایم ایس دھونی اور ویرات کوہلی میں کون زیادہ امیر ہے؟
ایم ایس دھونی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں تاہم آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگ کی قیادت کر رہے ہیں اور رواں سال پانچویں بار ٹائٹل جتوا کر آئی پی ایل کے کامیاب ترین کپتان کے طور پر سامنے آئے ہیں جب کہ ویرات کوہلی جو ابھی انٹرنیشنل کرکٹ سے جڑے ہیں وہ بھی آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بینگلور کی نمائندگی کرتے ہیں۔
بھارت کے دونوں کھلاڑیوں کا دنیا کے سب سے زیادہ پیسے کمانے والے کرکٹرز میں شمار ہوتا ہے اور ان کے ذرائع آمدن صرف کرکٹ کے میدان نہیں بلکہ مختلف برانڈز کی تشہیر اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی ہیں۔
ایک بھارتی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ویرات کوہلی کے اثاثوں کی مجموعی مالیت ایم ایس دھونی سے زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایم ایس دھونی 10 اب 40 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثون کے مالک ہیں جب کہ ویرات کوہلی کے اثاثوں کی مالیت ساڑھے 10 کروڑ روپے ہے۔
ویرات کے انسٹاگرام پر 25 کروڑ 20 لاکھ فالوورز ہیں اور وہ صرف دھونی سے ہی آگے نہیں بلکہ آمدنی میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں سب سے آگے ہیں۔
34 سالہ کرکٹر سات کروڑ انڈین روپے اپنے انڈین کرکٹ بورڈ کے ساتھ ’اے پلس‘ کونٹریکٹ سے کماتے ہیں۔ ان کی ایک ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ انڈین روپے ہے جب کہ انہیں ایک ون ڈے کھیلنے کے چھ لاکھ انڈین روپے ملتے ہیں۔ انہیں ایک ٹی20 میچ کھیلنے کے تین لاکھ انڈین روپے ملتے ہیں جبکہ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بینگلور کی نمائندگی کرنے پر وہ سالانہ 15 کروڑ انڈین روپے کماتے ہیں۔
دوسری جانب ایم ایس دھونی کو ان کی آئی پی ایل کی ٹیم چنئی سپر کنگز 12 کروڑ انڈین روپے دیتی ہے۔
ان کی مختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری، سوشل میڈیا فیس، برانڈز اور ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کی وجہ سے ان کے اثاثوں کی کل مالیت 10 ارب انڈین روپے سے زیادہ ہے۔