آئی فون خریدنے کی خواہش نے لڑکے کو قاتل بنادیا

بھارتی ریاست بنگلورو میں پیش آئے دلخراش واقعے نے رونگٹھے کھڑے کردئیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بیس سالہ نوجوان نے مہنگے آئی فون کے پیسے نہ ہونے پر ڈلیوری بوائے کو قتل کرکے لاش جلادی۔

دل دہلادینے والا واقعہ رواں ماہ کی سات تاریخ کو حسن علاقے میں پیش آیا، جہاں ہیمنت نامی نوجوان نے ایک سیکنڈ ہینڈ آئی فون آرڈر کیا۔

ڈلیوری بوائے دئیے گئے پتے پر پہنچا تو ملزم نے اسے گھر بلاکر کمرے میں بٹھایا اور کہا کہ وہ پیسے لیکر آتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سفاک ملزم پیسوں کے بجائے چاقو لایا جس نے ڈلیوری بوائے پر پے در پے وار کئے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: رات بھر اسمارٹ فون کو چارج کرنا واقعی نقصان دہ ہے؟

ملزم نے واقعے کے بعد لاش کو تین روز تک اپنے گھر میں بوری میں باندھے رکھا اور مناسب وقت ملنے پر لاش کو جلانے کا منصوبہ بنایا۔

ہیمانت دت نے شواہد مٹانے کے لئے قریبی پیٹرول پمپ سے پیٹرول خریدا اور لاش کو قریبی ریلوے اسٹیشن کے پاس لیجاکر جلاڈالا۔

تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج میں وہ پیٹرول خریدتے اور لاش کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے پولیس نے قاتل کو گرفتار کرلیا جس نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ موبائل فون کی قیمت 46 ہزار روپے تھی جو اس کے پاس نہیں تھے اس لیے ڈلیوری بوائے کو قتل کردیا۔