اسلام آباد: حکومتی اتحادیوں میں اختلافات شدت اختیارکرنے لگے، الیکشن ایکٹ کی شق 230 پر پیپلز پارٹی کے تحفظات برقرار ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انتخابات قریب آنے کے ساتھ ہی حکومتی اتحادیوں میں اختلافات شدت اختیارکر رہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ کی شق 230 پر پیپلز پارٹی کے تحفظات برقرار ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پی پی آرٹیکل 230 پر تحفظات دور ہونے تک حکومت کی حمایت نہیں کرے گی، پی پی ذرائع کہنا ہے کہ نگران حکومت کے اختیارات میں بےجا اضافہ غیر ضروری ہے۔
نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری روزمرہ امور اور شفاف الیکشن کرانا ہے، پی پی نے شکوہ کیا ہے کہ ن لیگ اہم امور پر اتحادیوں کو اعتماد میں نہیں لے رہی ہے۔
پی پی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ شق 230 میں ترامیم پارلیمانی کمیٹی میں زیرغورنہیں لائی گئی، کمیٹی نے الیکشن ایکٹ شق 230 سب کلاز 2 اے میں ترامیم کی منظوری نہیں دی تھی۔