لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں کانسٹیبل نے ڈی آئی جی پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں شہزاد اسلم زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں ڈی آئی جی شہزاد اسلم رات گئے واک کررہے تھے کہ رفیق نامی کانسٹیبل نے ان پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی شہزاد اسلم کی حالت خطرے سے باہر ہے انہیں طبی امداد دینے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی شہزاد اسلم کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل نے چاقو سے حملہ کیا تو میں نے دفاع کرنے کے لیے اسے روکا، جب میں کافی زخمی ہوگیا تو وہ اپنی جگہ پر رک گیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد کوارٹر گارڈ کی جانب گیا جہاں سے ڈیوٹی ملازمین کو ساتھ لایا جنہوں نے رفیق کو پکڑ کر کواٹر گارڈ میں بند کیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی آئی جی شہزاد اسلم کے پی کے میں تعینات ہیں۔
پولیس نے ملزم رفیق کو گرفتار کرکے اقدام قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا، حملے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔