ممبئی: گزشتہ برس ہندو مذہب کو ترک کر کے مسلمان ہونے والی اداکارہ دپیکا ککڑ (فائزہ) نے اپنے خاوند کے ساتھ اجمیر شریف میں خواجہ صاحب کے مزار پر حاضری دی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے مقبول ترین ٹی وی شو ’بگ باس سیزن 12‘ کی فاتح اداکارہ نے اپنے شوہر شعیب کے ہمراہ بزرگ خواجہ صاحب کے مزار پر گزشتہ روز حاضری دی۔
اداکارہ کے شوہر شعیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حاضری کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شعر لکھا ’ارادے روز بناتے ہیں اور بن کر ٹوٹ جاتے ہیں، وہ ہی اجمیر آتے ہیں جنہیں خواجہ صاحب بلاتے ہیں‘۔
دپیکا نے بھی مزار پر حاضری اور زیارت کی تصاویر شیئر کیں اور خواجہ صاحب کی تعریب بیان کی۔ اس موقع پر شعیب ابراہیم کی ہمشیرہ بھی موجود تھیں۔
مزید پڑھیں: اسلام قبول کرنے والی بھارتی اداکارہ کو تیزاب سے جلانے کی دھمکی
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ادکارہ دپیکا نے اسلام قبول کرلیا
یاد رہے کہ دپیکا ککڑ ’فائزہ‘ بگ باس 2 کی فاتح رہی تھیں، وہ جلد اپنے شوہر کی فلم ’بٹالین 609‘ میں اداکاری کر کے بالی ووڈ کے سفر کا آغاز کریں گی۔
یاد رہے کہ ڈرامہ سیریل ’سسرال سیمار‘ سے انڈسٹری میں پہچان بنانے والی اداکارہ دپیکا ککڑ نے گزشتہ برس مارچ میں مسلمان ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں دائرہ اسلام میں داخل ہوگئی جس کے بعد بہت زیادہ خوشی اور اطمینان ہے‘۔
اداکارہ کا بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’شادی کے بعد سے میری زندگی بہت تبدیل ہوئی اور مجھے ذہنی سکون کے ساتھ خوشیاں بھی ملیں، چونکہ میری ازدواجی زندگی کو طویل عرصے چلنا ہے اسی باعث اسلامی تعلیمات کو پڑھ کر انہیں سمجھا اور پھر اسلام قبول کرلیا جو میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے‘۔
واضح رہے کہ دپیکا نے گزشتہ برس مسلمان اداکار شعیب ابراہیم سے شادی کر کے اپنا نام فائزہ رکھ لیا تھا۔