کراچی : معذور شخص باپ اور بھائی کے ہاتھوں بے رحمی سے قتل

قتل

کراچی : جائیداد کے تنازع پر بھائی نے باپ کے ساتھ مل کر بھائی کو قتل کردیا، پولیس نے باپ کو گرفتار کرلیا دوسرا ملزم فرار ہوگیا۔

کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں قتل کی ہولناک واردات سامنے آئی ہے جس میں چھوٹے بھائی نے والد کے ساتھ مل کر بڑے بھائی کو قتل کردیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ قتل ہونے والا ریاست تمام بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور پولیو کی وجہ سے معذورتھا۔

پولیس کے مطابق مقتول کا باپ زرداد اور بھائی عاصم مکان فروخت کرنا چاہتے تھے جبکہ معذور بھائی ریاست مکان فروخت کرنے کے حق میں نہیں تھا۔

فدا حسین جانوری نے بتایا کہ اسی جائیداد کے تنازعہ پر چھوٹے بھائی نے باپ کے ساتھ مل کر بڑے بھائی ریاست کو چھری اور بیلچے کے پے در پے وار کرکے بے دردی سے قتل کردیا۔

پولیس نے مقتول کے والد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دوسرے ملزم عاصم کی تلاش جاری ہے، اس کے علاوہ موقع واردات سے آلہ قتل چھری اور بیلچہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔