سعودیہ: معذور نوجوان دوسروں کیلئے مثال بن گیا

سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے معذور نوجوان محمد القحطانی نے معذوری کو اپنی مجبوری نہیں بننے دیا بلکہ دوسروں کے لئے مثال قائم کردی اور اپنے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلند حوصلہ نوجوان کو اس کی معذوری یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کرنے اور اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے سے روک نہیں سکی۔

محمد القحطانی نے سیاحت اور تفریحی پروجیکٹ مینجمنٹ میں مہارت کے ساتھ ساتھ اپنی یونیورسٹی کی تعلیم کو بھی مکمل کیا، ان کی کامیابی ان کی معذوری پر قابو پانے کی ان کی بہترین کوشش ہے۔

محمد القحطانی کو پیدائشی معذوری ہے، ان کے جسم کا نچلا حصہ پیدائشی طور پر فالج سے متاثرہ ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ ابھی 19برس کے ہیں اور انہوں نے عمومی تعلیم میں بہترین گریڈ کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی معذوری کو فٹ بال اور تیراکی جیسے اپنے پسندیدہ مشاغل کو پورا کرنے میں حائل نہیں ہونے دیا، انہوں نے تمام تعلیمی مراحل میں اپنے اساتذہ کی خدمات کو سراہا اور ان کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

القحطانی کی جانب سے نشاندہی کی گئی کہ وہ وژن 2030کا حصہ بننے کے لیے پرعزم ہیں اور مملکت کی قیادت کو عزت دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ پرنس سلطان بن عبدالعزیز یونیورسٹی میں سیاحت کے شعبے میں اپنی تعلیم مکمل کر رہے ہیں جہاں وہ تفریحی پروجیکٹ مینجمنٹ میں تعلیم مکمل کررہے ہیں۔