’پاکستان میں‌ مایوسی بڑھنے کی وجہ موبائل فون ہے‘

اسلام آباد (18 اگست 2025): پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز نے موبائل فون کو نوجوانوں میں مایوسہ بڑھنے کی بڑی وجہ قرار دے دیا۔

سینیٹ اجلاس میں خواتین کے خلاف تشدد میں اضافے سے متعلق تحریک پر پی ٹی آئی سینیٹر محسن عزیز نے اس کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد میں اضافے کی کچھ وجوہات ہیں۔ ملک میں تعلیم کی کمی ہے اور دوسری جانب موبائل فون کی وجہ سے نوجوانوں کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں لاقانونیت میں اضافے کی وجوہات ہیں، ایلیٹ کلاس اپنا اثر ورسوخ بڑھاتی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ غیرت کے نام پر معصوم لڑکیاں قتل ہوئیں۔ خواتین کوغیرت کےنام پر قتل کرنا افسوسناک ہے۔ ان کا تحفظ یقینی بنانے کیلیے قوانین موجود ہیں۔ قانون سازی بہت احتیاط کےساتھ کرنی چاہیے اور سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے جو کچھ ہونا چاہیے وہ ہمیں کرنا چاہیے۔

پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ قانون موجود ہو پھر بھی سزا نہ ملے تو لوگ استثنیٰ سمجھنے لگتے ہیں۔ گھر تک پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کرنا ضروری ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ اینٹی ریپ قانون کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی گئیں۔ سوال ہےکہ کیا یہ عدالتیں فعال بھی ہیں یا نہیں۔ گھریلو تشدد کے لیے الگ عدالتیں بنانا ہوں گی۔ انویسٹیگیشن افسران کی خصوصی ٹریننگ لازمی قرار دی جائے۔