’مذاکرات صرف پارلیمنٹ کی سطح پر ہوں گے‘

حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے حزب اختلاف سے مذاکرات سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مذاکرات صرف پارلیمنٹ کی سطح پر ہوں گے۔

مذاکراتی عمل کا آغاز اتحادی جماعت جمیت علمأ اسلام ف کے فیصلے کے بعد ہو گا۔

قبل ازیں آج بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ کی بالادستی کا عزم دہرایا، شرکا کا کہنا تھا کہ ثالثی کرانا عدالتوں کا کام نہیں، اور وہ پارلیمنٹ کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپریم کورٹ نے کل فنڈز کے حوالے سے جواب مانگا ہے، الیکشن کے لیے فنڈز کا معاملہ پارلیمان ہی حل کرے گی، ضامن بننا اور پنچایت سپریم کورٹ کا کام نہیں بلکہ قانون اور آئین کے تحت فیصلے دینا اس کا کام ہے۔

شہباز شریف نے کہا پارلیمان بعض عدالتی امور سے متعلق پہلے ہی فیصلے دے چکے ہے، اور پارلیمان کو سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے اقدامات پر تحفظات ہیں، آج بھی ہم سب سمجھتے اور مانتے ہیں کہ فیصلہ چار تین کا ہے، اور سپریم کورٹ 3 رکنی بنچ کے ساتھ معاملات آگے لے کر جانا چاہتی ہے۔