سعودی عرب میں ڈزنی لینڈ کا قلعہ تعمیر کیا جائے گا

سعودی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ شائقین کے لیے مشرق وسطیٰ میں پہلی بار ڈزنی لینڈ کا قلعہ تعمیر کیا جائے گا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیا ریاض سیزن 25 اکتوبر سے شروع ہوگا، اس حوالے سے انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ریاض سیزن کا نیا لوگو بھی جاری کیا ہے۔

ترکی آل الشیخ کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مشرق وسطی میں پہلی مرتبہ ڈزنی لینڈ کا قلعہ متعارف کریا جائے گا۔

اس کے علاوہ ان کا مزید کہنا تھا کہ بولیورڈ کے رقبے میں بھی 40 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ آنے والوں کے لیے اس میں 4 نئی سرگرمیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تفریحی، ادبی، ثقافتی اور کھیلوں کی مختلف سرگرمی کے علاوہ اس بار ریاض سیزن کپ بھی متعارف کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پچھلے مہینے والٹ ڈزنی کو وجود میں آئے ایک سو سال ہو گئے ہیں اور اسی سلسلے میں مختلف تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔

سعودی عرب میں بھی ڈزنی لینڈ آئس شو کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں کارٹون اور اینی میٹڈ فلموں کے کرداروں نے شاندار پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا تھا۔