بھارت کی نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں ’’اکھنڈ بھارت‘‘ کا نقشہ آویزاں کرنے پر پاکستان اور نیپال کے بعد بنگلہ دیش نے بھی بھارت سے وضاحت طلب کرلی۔
گزشتہ دنوں بھارت کی پارلیمنٹ کی نئی بلڈنگ کا افتتاح ہوا تھا جس کی دیوار پر اکھنڈ بھارت کا نقشہ لگایا گیا ہے۔ بھارت کی اس مذموم حرکت پر جہاں پاکستان اور نیپال کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار و بھرپور احتجاج کیا گیا اور بھارت سے وضاحت طلب کی گئی اب اس میں بنگلہ دیش بھی شامل ہوگیا ہے۔
بنگلہ دیش کی حکومت نے بھارت سے نئی پارلیمانی بلڈنگ میں اکھنڈ بھارت کا نقشہ لگانے پر بھارت سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
اس سلسلے میں بنگلہ دیشی حکومت نے نئی دہلی میں تعینات اپنے سفارتی مشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارتی وزرات خارجہ سے اس نقشے سے متعلق وضاحت لے۔
بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور شہریار عالم نے ڈھاکا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی لیگ کی حکومت بھارت سے اس نقشے کے متعلق وضاحت لینے کے مرحلے میں ہے
واضح رہے کہ بھارت کی پارلیمنٹ کی نئی بلڈنگ میں لگائے گئے اکھنڈ بھارت کے نقشے میں ماضی کے برصغیر کو موجودہ بھارت کا حصہ دکھایا گیا ہے جس میں پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا شامل ہیں۔