مشہور ٹینس پلیئرنوواک جوکووچ نے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں اپنے کیریئر کی 50 ویں ون ڈے سنچری اسکور کرنے پر ویرات کوہلی کو مبارکباد پیش کی ہے۔
لیجنڈری ٹینس پلیئر نے ورلڈ کپ2023 کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ویرات کوہلی کی شاندار اننگز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔
جوکووچ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پیج پر ایک اسٹوری کوہلی کی تصویر کے ساتھ شیئر کی ہے جس میں انھیں مخاطب کرتے ہوئے لیجنڈری کہا ہے۔
انھوں نے سیمی فائنل جیسے ہائی پریشر مقابلے میں تاریخ ساز اننگز کھیلنے اور سنچری اسکور کرنے پر کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’مبارک ہو ویرات، لیجنڈری‘۔
واضح رہے کہ ون ڈے انٹرنیشنلز میں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے نیا کارنامہ انجام دیتے ہوئے سنچریوں کی نصف سنچری بنا دی ہے۔
ورلڈکپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ممبی میں کھیلے جارہے میچ میں کوہلی نے شاندار سنچری اسکور کی اور اپنی 50 سنچریاں بنا کر سچن ٹنڈولکر کا 49 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔
مذکورہ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل میں بھی اپنی جگہ پکی کرلی۔ کیوی ٹیم 398 رنز کے تعاقب میں 327 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔