ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے خاکے میں پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہ کرنے پر آئی سی سی پر تنقید

دبئی: آئی سی سی ڈیجیٹل میڈیا کی جانب سے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا خاکہ جاری کیا گیا جس میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہ کرنے پر آئی سی سی پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈیو ویب کا ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا خاکہ شیئر کیا جس میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں تھا۔

خاکے میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی سب سے نمایاں ہیں، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور افغانستان کے کرکٹرز بھی خاکے میں شامل ہیں، خاکے میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہ کرنے پر مداحوں کی جانب سے آئی سی سی پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی بھارتی صارفین نے بھی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہ کرنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب آج شعیب اختر کی پیدائش کے دن پر آئی سی سی نے شعیب کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی انٹرنیشنل وکٹوں کی تعداد کم لکھ دی۔

آئی سی سی پر شدید تنقید کے بعد خاکہ بنانے والے ڈیو ویب نے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاکے میں تبدیلی کی جارہی ہے۔