کرغزستان سے ڈاکٹر بن کر آنے والی بہن کو بھائی نے گولی مار دی

عمیر مشتاق سیٹلائٹ ٹاؤن ڈاکٹر بہن قتل جھنگ

جھنگ (03 اگست 2025): پنجاب کے شہر جھنگ کے ایک علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں کرغزستان سے ڈاکٹر بن کر آنے والی بہن کو اس کے بھائی نے گولی مار دی۔

تفصیلات کے مطابق جھنگ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کی پولیس نے بتایا ہے کہ پسند کی شادی پر بھائی نے اپنی ڈاکٹر بہن کو قتل کر دیا، مقتولہ کچھ روز قبل کرغزستان سے ایم بی بی ایس مکمل کر کے واپس آئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موضع گگڑانہ حولی لعل میں ملزم عمیر مشتاق نے رات کو بہن کو گولی مار کر قتل کیا، معلوم ہوا کہ لیڈی ڈاکٹر نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر حسنین سے نکاح کیا تھا، اس کے نکاح پر اہل خانہ کو رنج تھا اس لیے بھائی قتل کر کے فرار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جب کہ مفرور ملزم عمیر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔


بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی بانو کی والدہ کا بیان منظر عام پر ، نئی بحث چھڑ گئی


یاد رہے کہ یکم اگست کو بھی خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں غیرت کے نام پر ایک بھائی نے بہن کو گولی مار کر قتل کیا تھا، مقتولہ چار بچوں کی ماں تھی اور حال ہی میں اسے طلاق ہوئی تھی، یہ واقعہ بالا گڑھی میں پیش آیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں غیرت کے نام پر قتل کے ایک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا جب بلوچستان کے دارالحکومت کے نواحی علاقے ڈگاری میں 19 جولائی کو بانو نامی خاتون اور احسان اللہ نامی شخص کو گولیاں مار دی گئی تھیں اور فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔