خیبرپختونخوا اور پنجاب کے ڈاکٹرز سراپا احتجاج، مریض شدید پریشانی میں مبتلا

پشاور / لاہور / فیصل آباد : پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مریض بےحال ہوگئے، ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف احتجاج بیالیسویں روز بھی جاری رہا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور ہڑتال جاری ہے، سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہڑتال کے باعث مریض رل گئے ہیں۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ایم آئی ٹی ایکٹ کےخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال کے باعث مریضوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بیالیسویں روز بھی او پی ڈی اور آپریشن تھیٹر سمیت سروسز بند رہیں، مریضوں اور ان کے لواحقین اذیت میں مبتلا ہوگئے۔ پشاور، بنوں، مالاکنڈ سمیت صوبے بھر میں ڈاکٹرز اور اسٹاف سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب کے بڑے اسپتالوں میں ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف احتجاج چھبیسویں روز بھی جاری رہا۔ لاہورکےاسپتالوں میں آؤٹ ڈور، ان ڈور اور آپریشن تھیٹروں میں کام بند رہا، مریض تڑپتے رہے مگر مریضوں کی تکالیف سے بے پرواہ ڈاکٹرز احتجاج کرتے رہے۔

فیصل آباد میں بھی طویل ہڑتال سے مریض شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطالبات ہیں کہ حکومت نجکاری کا بل ڈی ایچ اے اورآر ایچ اے واپس لے۔