حیدرآباد میں آوارہ کتوں کا راج ہے جنہوں نے مختلف علاقوں میں بچوں سمیت 16 افراد کو کاٹ کر شدید زخمی کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں آوارہ کتوں کا راج ہو گیا ہے جو بلا خوف وخطر سڑکوں پر دندناتے رہتے ہیں اور وہاں سے گزرنے والے شہریوں کو اپنا نشانہ بناتے ہیں۔
گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں پھلیلی، بھٹائی نگر، لطیف آباد، الیاس آباد سمیت مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں نے 16 افراد کو بھنبھوڑ ڈالا، جس میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی ناصر قریشی نے زخمی بچوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور وزیر صحت سندھ سے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر نوٹس لینے اور انسداد کتا مہم شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔