امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

ڈالر ایف آئی اے

آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے بعد سے ڈالر کی قیمت اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، تاہم آج پھر ڈالر کی قیمت میں اضافہ سامنے آیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 86 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈالر کے ریٹ میں معمولی کمی ہوئی اور امریکی ڈالر کاروبار کے اختتام پر 37 پیسے سستا ہوکر 277 روپے 4 پیسے پر بند ہوا تھا۔

انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قیمت 277 روپے 04 پیسے سے بڑھ کر 277 روپے 90 پیسے ہوگئی ہے۔

رواں ہفتے کے دوران چار کاروباری دنوں کے دوران دو مرتبہ امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑی گراوٹ جبکہ دو مرتبہ ملکی کرنسی کی تنزلی دیکھی گئی۔