کراچی: روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر نے معمولی پیش قدمی کرتے ہوئے اپنی قدر میں 24 پیسے کا اضافہ کر لیا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 24 پیسے مہنگا ہو کر 287.70 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے، بینکس درآمد کنندگان کو ڈالر 288.10 روپے میں فروخت کر رہے ہیں، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 294.50 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اسٹیڈ بائے معاہدے اور دوست ممالک کی مدد کے باوجود ڈالر کی اُڑان تھم نہیں رہی۔
گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 45 پیسے سستا ہو کر 287 روپے 46 پیسے کا ہوگیا تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے کمی سے 295 روپے تک رہا۔
اوپن مارکیٹ میں یورو 323 روپے پر مستحکم اور برطانوی پاؤنڈ بھی 374روپے پر برقرار رہا۔ اس کے علاوہ اماراتی درہم 82 روپے 30 پیسے اور سعودی ریال بھی 78.50 روپے پر برقرار رہا۔
دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ ہنڈرڈ انڈیکس 797 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 48 ہزار 227 پوائنٹس پر بند ہوا۔