کراچی : نئے ڈیجیٹل دور میں نادرا کی ایک اور سہولت مل گئی، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور اسلحہ لائسنس کے ڈیجیٹل کارڈ مفت ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا ۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ایک اور جدید سہولت متعارف کرا دی ہے۔
اب شہری اپنی گاڑی کی رجسٹریشن اور اسلحہ لائسنس کے ڈیجیٹل کارڈ اپنے موبائل فون پر مفت حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا نے اس سروس کی تفصیلات ایک ویڈیو کی صورت میں جاری کر دی ہیں، جس میں مرحلہ وار طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔
نادرا شاختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ سے متعلق معلومات
ڈیجیٹل کارڈز ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ
اپنے موبائل فون پر Pak ID ایپ ڈاؤن لوڈ کریں ، ایپ میں رجسٹریشن کے بعد لاگ اِن کریں۔
اس کے بعد "Other Government Services” کے آپشن پر کلک کریں۔
"Show More” پر کلک کریں، اس کے بعد "Vehicle Card” یا "Digital Arms License” کے آپشن کو منتخب کریں
سامنے آنے والی معلومات کا بغور مطالعہ کریں اور "Download” بٹن پر کلک کریں۔
اب آپ کی فائل "ID Vault” میں منتقل ہو جائے گی ، وہاں جا کر Vehicle Card یا Arms License کو منتخب کریں ، آپ کے کارڈز اسکرین پر ظاہر ہوں گے، جنہیں آپ موبائل فون میں محفوظ کر سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق اس سروس پر کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔
خیال رہے نادرا نے حال ہی میں ایک عوامی آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا ہے جس میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ (CNIC) میں مکمل اور درست تاریخِ پیدائش درج کروائیں۔
نادرا کے مطابق بہت سے شناختی کارڈز پر صرف مہینہ اور سال درج ہوتا ہے جبکہ دن کی تاریخ درج نہیں ہوتی، جس کے باعث مختلف قانونی و مالیاتی معاملات میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
نادرا نے خبردار کیا ہے کہ نامکمل تاریخِ پیدائش والے CNIC پر شہریوں کو بینک، پاسپورٹ اور دیگر قانونی عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ اقدام نادرا کی اس کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد تمام شہریوں کے شناختی ریکارڈ کو معیاری اور قانونی حیثیت سے درست بنانا ہے۔