خواتین کو تمام شعبوں میں شامل کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کا عزم  کرتے ہیں، صدر مملکت

عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو تمام شعبوں میں شامل کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کا عزم  کرتے ہیں۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ڈیجیٹل تقسیم خواتین کو بااختیار بنانے کی راہ میں ایک اہم رکاوٹ ہے، خواتین ٹیک ایجوکیشن، کیریئر اور گورننس میں کم نمائندگی رکھتی ہیں، ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوڈیجیٹل خواندگی کے پروگرامز تک خواتین کی رسائی بڑھانےکی ضرورت ہے، ہمیں انٹرنیٹ سروسز، لیپ ٹاپ و دیگر ٹیکنالوجیز تک خواتین کو رسائی فراہم کرنا ہے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ آئیں، صنفی مساوات کو حاصل کرنے کا عہد کریں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے منصفانہ اور مساوی دنیا بنانے کے لیے کام کریں۔