کراچی میں ڈاکٹر بیربل کا قتل، زخمی خاتون کا بیان سامنے آگیا

ڈاکٹر بیربل

کراچی کے علاقے گارڈن لیاری ایکسپریس وے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ڈاکٹر بیربل کو قتل کردیا جبکہ ان کے ساتھ گاڑی میں موجود خاتون زخمی ہوگئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والی خاتون ڈاکٹر قرۃ العین نے پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔

خاتون نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ’دس سال سے ڈاکٹر بیربل کے ساتھ کام کررہی ہوں، ہم رنچھوڑ لائن سے پاک کالونی جارہے تھے اچانک فائرنگ ہوئی مجھے بھی ایک گولی لگی۔

خاتون نے بتایا کہ ’ڈاکٹر بیربل کی جانب دیکھا تو ان کے سر سے خون نکل رہا تھا، میں نے گاڑی کا گیٹ کھول کر شور مچایا۔‘

قتل کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوئی، ایس ایس پی سٹی عارف عزیز

دوسری جانب ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر بیربل کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ہے قتل کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوئی ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق گاڑی پر بظاہر ایک گولی کا نشان ہے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاتون کا باقاعدہ بیان قلمبند کیا جارہا ہے جبکہ ڈاکٹر رنچھوڑ لائن میں اپنے کلینک سے نکلے تھے اور وہ روزانہ اسی راستے سے آتے جاتے تھے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گارڈن میں نامعلوم موٹر سائیکل ملزمان نے ڈاکٹر بیربل کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے اور ساتھ موجود خاتون زخمی ہوئیں۔

گورنر سندھ کا نوٹس

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈاکٹر بیربل کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔