راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے سِلو پوائزننگ سے متعلق خبروں کو مسترد کر دیا۔
جیل میں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی اور ان کا طبی معائنہ بھی کیا، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے شوکت خانم کے بارے بھی گفتگو ہوئی، ان کے حوالے سے سِلو پوائزننگ کی بات درست نہیں، میں نے ان کا معائنہ کیا مجھے ایسی کوئی بات نظر نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے خوراک کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی، وہ جیل میں ورزش بھی کر رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی لیگل ٹیم نے ملاقات کی جس میں حامد خان، نعیم حیدر پنجوتھا، راجہ یاسر اور عمیر نیازی شامل تھے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان بھی ملاقات کیلیے پہنچے تھے۔
پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان ریکارڈ کیا
قبل ازیں راولپنڈی پولیس چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کیلیے اڈیالہ جیل پہنچی۔ تفتیشی ٹیم نے ملزم سے 9 مئی کے واقعات پر تفتیش کی اور بیان ریکارڈ کیا۔