کراچی : متحدہ قومی موومنٹ تنظیم بحالی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کو پرامن طریقے سے روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کراچی میں بلدیاتی نظام کے خاتمے پر عوام کا ریلا باہر نکلے گا۔
یہ بات انہوں نے شہباز شریف سے ملاقات کے موقع پر کہی، تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ تنظیم بحالی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملاقات کا مقصد نوازشریف کی خیریت جاننا تھا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے معاملے پر حکومت نے شدید لاپرواہی کا مظاہرہ کیا ہے۔
فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کو پرامن طریقے سے روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے، طاقت کا استعمال پہلے سے گھمبیر مسائل کو مذید پیچیدہ کر دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اس موقع پر آصف علی زرداری ملک کے صدر ہوتے تو بحران سے بچنے کے لیے مولانا کے گھر چلے جاتے، کراچی میں بلدیاتی نظام کے خاتمے پر عوام کا ریلا باہر نکلے گا۔