لاہور: جناح اسپتال میں ایک کروڑ سے زائد کے سامان کی چوری ہونے کے معاملے پر ڈاکٹر شبیر کو نوکری سے برطرف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور سے ایک کروڑ اکیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا قیمتی سامان چوری ہونے کے معاملے پر محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر پنجاب نے ڈاکٹر شبیر چوہدری کو نوکری سے برطرف کر دیا۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شبیر نے جان بوجھ کر اسپتال کا سامان غائب کیا اور عملے کو دھمکیاں بھی دیں۔
نوٹیفکیشن میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر شبیر متعدد نوٹسز کے باوجود کوئی جواب نہ دے سکے اور سرکاری رہائشگاہ پر غیر قانونی طور پر قابض بھی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شبیر نے بدعنوانی اور کرپشن کے ذریعے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا۔
محکمہ صحت نے مقدمہ درج کرنے اور ریکوری کے لیے اینٹی کرپشن کو باضابطہ درخواست بھی دے دی ہے۔
مزید پڑھیں : جناح اسپتال مریض کا زبردستی آپریشن، مقدمے کے بعد ڈاکٹر شبیر معطل
یاد رہے جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف دو روز قبل مریض کا زبردستی آپریشن کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد اب محکمہ صحت پنجاب نے متحرک ہوتے ہوئے ڈاکٹر شبیر کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا تھا۔
ڈاکٹر شبیر کو محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی تھی ۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر شبیر محکمہ صحت کو رپورٹ کیے بغیر جناح اسپتال میں زبردستی داخل ہوئے تھے، ان پر اسپتال سے 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کا سامان غائب کرنے کا بھی الزام ہے۔