لیاری میں قاتلوں نے پیچھے سے آواز دے کر ڈاکٹر شمبو لعل کو گولیاں مار دیں

لاہور سی سی ڈی پولیس مقابلے

کراچی (12 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے لیاری میں قاتلوں نے تعاقب کر کے ڈاکٹر شمبو لعل کو گولیاں مار دیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لیاری میں دن دہاڑے ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، کلینک سے نکل کر واک پر جانے والے ڈاکٹر شمبو لعل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

فائرنگ کا واقعہ لیاری کے علاقے بکرا پیڑی کے قریب پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی اور مالی تنازع کا شاخسانہ لگتا ہے، واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت 3 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقتول کے بیٹے دیپک لعل کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتول کو تعاقب میں آنے والے ملزمان نے نشانہ بنایا، وہ حسب معمول لیاری ایکسپریس وے کے ٹریک پر واک کے لیے جا رہے تھے، پولیس رپورٹ کے مطابق قاتلوں نے ڈاکٹر شمبو لعل کو نام سے پکارا تو انھوں نے بھاگنے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے عقب سے ڈاکٹر پر فائرنگ کی اور وہ 2 گولیاں لگنے سے دم توڑ گئے۔


خواتین کے کانوں سے بالیاں نوچنے والا ڈاکو مقابلے میں ساتھی سمیت مارا گیا


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول ڈاکٹر کا کچھ افراد سے رقم کا تنازع چل رہا تھا، انھوں نے کراچی اور بلوچستان میں مختلف مقدمات بھی درج کرائے تھے۔

ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق مقتول ڈاکٹر شمبو لعل گارڈن کے رہائشی تھے اور عرصہ دراز سے کلا کوٹ پولیس اسٹیشن کے قریب واقع کلینک چلا رہے تھے۔ پولیس کو جائے واردات سے نائن ایم ایم کی گولیوں کے 3 خول ملے ہیں۔