کرونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات کر رکھے ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد : معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات کر رکھے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا ڈاکٹر غوث بخش کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

معاون خصوصی برائے صحت نے بتایا کہ ملک میں تاحال کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں ہے، کرونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت کے بعد پاک چین فلائٹ آپریشن بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، چین سے لاہور، اسلام آباد براہ راست پروازیں آ ر ہی ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ چین سے پاکستان آنے والوں کی 2 ہفتے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، تمام 19 داخلی مقامات پر اسکریننگ کی سہولت موجود ہے،خنجراب پر پاک چین سرحد 31 مارچ تک بند رہےگی۔

انہوں نے بتایا کہ چینی حکومت وہان میں پاکستانیوں کا خیال رکھ رہی ہے، وہان سےکسی مقامی و غیر ملکی کو باہر جانے کی اجازت نہیں ہے، وہان میں تاحال 620 پاکستانی طلبا موجود ہیں، وہان شہر سے پاکستانیوں کو نکالنے کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔

معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ حکومت چین میں پاکستانی طالب علموں سے رابطے میں ہے، چین سے پاکستانی طلبا کے مثبت پیغامات موصول ہوئے ہیں، چین کی ژین ہو میڈیکل یونیورسٹی میں پاکستان زیر تعلیم ہیں، ژین ہو یونیورسٹی کے پاکستانی طلبا کو کرونا سے خطرہ نہیں ہے۔