اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے وعدے کے مطابق شعبہ صحت میں تبدیلیاں لا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت شعبہ صحت میں اصلاحات کے وعدے پر کاربند ہے، حکومت کا پمزاسپتال میں افرادی قوت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پمز میں ایک سے 5 اسکیل تک 286 خالی پوسٹوں پر بھرتی کا فیصلہ کیا ہے، پمز میں 6 سے 16 گریڈ کی 138 پوسٹوں پربھی بھرتیاں کی جائیں گی۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ پمز اسپتال کی 42 پوسٹوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، پمز اسپتال میں خالی پوسٹوں پرتعیناتی تعطل کا شکار تھی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ افرادی قوت بڑھانے سے پمز اسپتال کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وعدے کے مطابق شعبہ صحت میں تبدیلیاں لا رہے ہیں، شعبہ صحت میں اصلاحات وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔
صحت انصاف کارڈ حکومت کا تاریخی اور انقلابی پروگرام ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا
یاد رہے کہ 21 ستمبر کو ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ کے مریضوں کو اعلٰی اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔
اس موقع پر صحت انصاف کارڈ کے پینل پر موجود اسپتالوں کے سربراہان سے ڈینگی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایمرجنسی کی صورت میں ظفرمرزا کی درخواست پر اسپتال سربراہان نے مریضوں کے لیے ایک ہزار بیڈز کی پیش کش بھی کی تھی۔