راہول ڈریوڈ نے ورلڈکپ فائنل میں ٹریوس ہیڈ کا آؤٹ نہ ہونا قسمت کا کھیل قرار دیدیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے آئی سی سی ایونٹس کے ناک آؤٹ میچ کے نتائج کو قسمت پر منحصر قرار دیدیا۔

روہت شرما کی قیادت میں پچھلے سال ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں بھارتی ٹیم کو فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، میزبان ٹیم ورلڈکپ میں لگاتار 10 میچز جیتنے کے بعد کینگروز کے ہاتھوں بری طرح فائنل ہار گئی تھی جبکہ ٹریوس ہیڈ نے اس میچ میں سنچری بنائی تھی۔

راہول ڈریوڈ نے ورلڈکپ فائنل 2023 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ وہ جو کچھ بھی تھا، ہم نے ٹریوس ہیڈ کو کم از کم 15 بار بیٹ کیا تھا، تاہم اس دوران ایک بھی گیند نے ان کے بلے کو نہیں چھوا۔

انھوں نے کہا کہ آپ جانتے ہیں، چیزیں کبھی کبھی ہی ایسی ہوتی ہیں جیسی آپ چاہتے ہیں لیکن آپ کو پراسس پر قائم رہنا پڑتا ہے، میں نے اس حوالے سے بہت ساری چیزوں پر غور کیا ہے، آپ کو بہت کچھ کرنا پڑتا ہے اور بہت سی چیزوں کو ٹھیک کرنا پڑتا ہے۔

راہول ڈریوڈ نے کہا کہ بعض اوقات دن کے اختتام پر، آپ کو تھوڑی سی قسمت کی ضرورت ہوتی ہے، بعض اوقات نتائج آپ کی مہارت پر بھی منحصر ہوتے ہیں۔