ڈریوڈ کا بیٹا انڈر19 ٹیم میں منتخب ہونے کے باوجود ورلڈکپ کیوں نہیں کھیل پائے گا؟

بھارت کے سابق ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے بیٹے سمت انڈر 19 ٹیم کے لیے سیلکٹ ہونے کے باوجود ورلڈکپ کھیلنے سے محروم رہیں گے۔

سمت ڈریوڈ کو پہلی بار بھارتی انڈر 19 ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا ہے، وہ ستمبر اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ہوم سیریز میں کھیلتے نظر آئیں گے، کوچ بہار ٹرافی میں ان کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی وجہ سے انھیں ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔

تاہم وہ آئندہ 2026 میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کا حصہ بننے سے محروم رہیں گے جس کی وجہ ان کی زیادہ عمر ہوگی۔

سمت ڈریوڈ 10 نومبر 2005 کو پیدا ہوئے ہیں اور وہ اپنے 19 ویں سالگرہ سے چند ماہ کی دوری پر ہیں اس لیے وہ ہوم سیریز میں آسٹریلیا انڈر 19 کے خلاف تو کھیل پائیں گے مگر ورلڈکپ میں وہ بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ جب 2026 کے انڈر 19 ورلڈکپ کے لیے اسکواڈ کا چناؤ کرے گا تو اس وقت سمت کی عمر 21 برس ہوچکی ہوگی اس لیے وہ ٹیم کا حصہ بننے کے اہل نہیں ہونگے۔

خیال رہے کہ کوچ بہار ٹرافی میں سمت ڈریوڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی تھی، انھوں نے ایونٹ میں 362 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 16 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔