’دریشم 3‘ کے منتظر مداحوں کیلیے بڑی خوشخبری!

’دریشم 3‘ کے منتظر مداحوں کیلیے بڑی خوشخبری!

ملیالم سنیما کی مشہور جوڑی سُپر اسٹار موہن لال اور ہدایت کار جیتو جوزف بلاک بسٹر کرائم تھرلر فرنچائز ’دریشم‘ کی تیسری قسط کیلیے دوبارہ اکٹھے ہوگئے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکار و فلمساز موہن لال نے جیتو جوزف اور پروڈیوسر انٹونی پیرومباور کے ساتھ ملاقات کی تصویر شیئر کر کے ’دریشم 3‘ بنانے کا باضابطہ اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فلم ’دریشم‘ سے متاثر ہو کر جم ٹرینر نے خاتون دوست کو موت کے گھاٹ اتار دیا

موہن لال نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ’ماضی کبھی خاموش نہیں رہتا۔ دریشم 3 کی تصدیق کرتے ہیں‘۔ اعلان کے فوراً بعد مداحوں نے کمنٹ سکیشن میں اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

دریشم فرنچائز ملیالم سنیما کیلیے ایک گیم چینجر رہی ہے جس نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر خوب پذیرائی حاصل کی۔

فرنچائز کی 2013 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی اور اسے متعدد زبانوں میں دوبارہ پیش کیا گیا تھا۔

اس کا سیکوئل ’دریشم 2‘ کے نام سے 2021 میں ایمیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوا اور بلاک بسٹر ثابت ہوا۔ سیکوئل نے اختتام پر فلم بینوں کو ایک ایسی سنسنی مگر دلچسپ کہانی سے جوڑ دیا جس کی بدولت تیسری قسط کی راہ ہموار ہوئی۔

’دریشم 3‘ کے بارے میں مزید تفصیلات آنے والے مہینوں میں سامنے آئیں گی۔

سپر اسٹار موہن لال کے متعدد فلمیں ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ 2025 ان کیلیے ایک مصروف ترین سال ثابت ہوگا۔

موہن لال کو آخری بار انہی کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم (Barroz 3D) میں دیکھا گیا تھا جو 25 دسمبر 2024 کو سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔